فاروق ستار کہتے ہیں کامران ٹیسوری ہماری ریڈ لائن ہے، مذاق بن گیا ہے، مصطفیٰ کمال
اگر چیئرمین کی پالیسی ہے تو میں سب سے پہلے بولوں گا کہ کامران ٹیسوری ہماری ریڈ لائن ہے، مصطفیٰ کمال
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ فاروق ستار ہر انٹرویو میں کہتے ہیں کہ کامران ٹیسوری ہماری ریڈ لائن ہے، مذاق بن گیا ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد میں خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار سمیت ایم کیو ایم قیادت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار بھائی ہر انٹرویو اور گفتگو میں کہتے ہیں کہ کامران ٹیسوری ہماری ریڈ لائن ہیں، میں نے انیس قائمخانی صاحب کو فون کیا اور کہا آپ فون کرکے پوچھیں کہ اس پر چیئرمین خالد مقبول صدیقی صاحب کی پالیسی کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر چیئرمین کی پالیسی ہے کہ کامران ٹیسوری ہماری ریڈ لائن ہے تو مصطفیٰ کمال سب سے پہلے بولے گا کہ کامران ٹیسوری ہماری ریڈ لائن ہے۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اگر یہ پالیسی نہیں ہے تو پھر کوئی بھی یہ بات کیوں کررہا ہے۔ اس طرح پارٹی نہیں چلتی، مذاق بن گیا ہے۔
مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم میں ہمارا خون پسینہ شامل ہے، ساری چیزوں کو برداشت کرکے اس قوم کو دلدل سے نکال رہے ہیں۔ کوئی طریقہ کار نہیں چھوڑا کہ ہم تنگ آکر بول دیں ہم گھر جارہے ہیں، اپنی ذات کی خاطر قوم کو یرغمال نہ بناؤ اور مفادات کی بھینٹ نہ چڑھاؤ۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ 6 مہینے سے کہہ رہا ہوں اسلام آباد سے آوازیں سنتا ہوں۔ اس ملک میں بڑے بڑے فیصلے ہونے والے ہیں، سب اپنا اپنا حصہ لے لیں گے لیکن ہم کہاں کھڑے ہیں۔
خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ جس لیڈر کو یہ خطرہ ہوکہ وہ اپنا الیکشن نہیں جیت سکتا، وہ قوم کا مقدمہ نہیں لڑسکتا۔ یہ قیادت جاکر زرداری سے حقوق مانگے گی اور پیپلز پارٹی سے شہر آزاد کرائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں کل اسی پارٹی کو لے کر لوگوں کے دروازے پر جانا ہے، پاکستان کی تاریخ میں آج تک ایسا نہیں ہوا کہ کوئی پارٹی کا سربراہ 4 دفعہ اپنے الیکشن کی تاریخ کو مؤخر کرائے، پھر کون ہمیں حقوق دے گا اور کون سنجیدہ لے گا۔
