پاکستان سمیت دنیا بھر میں 2026 کا شاندار آغاز، آتش بازی اور رنگ و نور سے سالِ نو کا استقبال

دنیا بھر میں سالِ نو 2026 کا آغاز جوش و خروش، رنگوں اور روشنیوں کے ساتھ ہوا۔ سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں رات 12 بجتے ہی نیا سال شروع ہوا، جہاں آکلینڈ کے اسکائی ٹاور سے پھوٹتی روشنیوں اور آتش بازی نے آسمان کو جگمگا دیا۔

اس کے بعد آسٹریلیا میں سڈنی ہاربر برج پر شاندار آتش بازی کی گئی اور رنگ و نور کی بارش سے سال نو کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

نیوزی لینڈ میں جیسے ہی گھڑی نے 12 بجائے، کیلنڈر تبدیل ہوا اور یکم جنوری 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی فضا آتش بازی کے دلکش مناظر سے روشن ہو گئی۔ آکلینڈ کے بعد سڈنی میں بھی ہزاروں افراد نے نئے سال کی آمد کا جشن منایا۔

ایشیا کے مختلف ممالک میں بھی سال نو روایتی اور جدید انداز سے منایا گیا۔ ہانگ کانگ میں وکٹوریا ہاربر پر شاندار آتش بازی کی گئی، تائیوان میں تائی پے ٹاور سے روشنیوں کا حسین مظاہرہ کیا گیا، جبکہ تھائی لینڈ میں بنکاک کے دریا کنارے نئے سال کا جشن منایا گیا۔

جاپان میں نئے سال کا آغاز روایتی انداز میں مندروں کی گھنٹیاں بجا کر کیا گیا، جہاں شہری ٹوکوڈائی جی ٹیمپل سمیت دیگر عبادت گاہوں میں جمع ہو کر آنے والے سال کیلئے دعائیں کرتے رہے۔

چین میں نئے سال 2026 کا آغاز روایتی رنگوں اور ثقافتی جوش و خروش کے ساتھ کیا گیا۔ دیوارِ چین کے جیو یونگ گوان سیکشن پر شاندار روایتی ڈرم شو کا اہتمام کیا گیا، جہاں فنکاروں کی دلکش پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔

اس موقع پر بڑی تعداد میں شہری اور سیاح جمع ہوئے اور نئے سال کا خیرمقدم کیا۔

ادھر ملائیشیا میں بھی سال 2026 کا آغاز نہایت شاندار انداز میں ہوا۔ دارالحکومت کوالالمپور میں پیٹروناس ٹوئن ٹاورز پر آتشبازی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا۔ شہریوں نے خوشی، جوش اور امیدوں کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا۔

پاکستان میں بھی سال نو کا آغاز بھرپور انداز سے ہوا۔ رات 12 بجتے ہی کراچی، اسلام آباد، لاہور, ملتان، حیدرآباد، فیصل آباد اور دیگر بڑے شہروں میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

روشنیوں کے شہر کراچی میں مختلف مقامات پر جشن کا سماں رہا، جبکہ بحریہ ٹاؤن کراچی اور سینٹورس مال اسلام آباد میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں۔

جیسے ہی 2026 کا آغاز ہوا، نوجوان بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے دکھائی دیے۔ اگرچہ انتظامیہ کی جانب سے پابندیاں عائد تھیں، تاہم بعض علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، جنوبی ایشیا اور دنیا کے کئی دیگر ممالک میں عوام نے اپنے اپنے انداز میں نئے سال کا استقبال کیا، ایک دوسرے کو نیک تمنائیں دیں اور امید ظاہر کی کہ نیا سال امن، خوشحالی اور بہتری کی نوید لے کر آئے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے