امریکا ایران امن معاہدہ میں پاکستانی ثالثی کی عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی
امریکی جریدہ نے پاکستان کے کلیدی کردار کو تاریخی سفارتی کامیابی قرار دے دیا
پاکستان نے دنیا میں امن اور استحکام کے لیے کامیاب سیاسی اور ملٹری ڈپلومیسی کا لوہا منوایا، امریکی جریدہ نے امریکا ایران امن معاہدے میں پاکستان کے کلیدی کردار کو تاریخی سفارتی کامیابی قرار دے دیا۔
معروف امریکی جریدہ وال اسٹریٹ جرنل کےمطابق ایران امریکا معاہدہ پاکستان کے لیے ایک مکمل اور غیرمشروط کامیابی ہوگا جس نے دونوں ممالک کےدرمیان ثالث کا اہم کردار ادا کیا۔
وال اسٹریٹ جرنل نے بتایا کہ پاکستانی ثالثی میں طے ہونے والے امریکا ایران امن معاہدے پر جمعہ کو امریکی اور ایرانی حکام سوئٹررلینڈ میں باضابطہ دستخط کریں گے، سفارتی میدان میں پاکستان کا یہ تاریخی کارنامہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے کیپ ورڈی کی فٹبال ٹیم فیفا ورلڈکپ جیت جائے۔
امریکی جریدہ کے مطابق صدر ٹرمپ نے متعدد بار پاکستان کی قیادت کی عوامی سطح پر تعریف کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پسندیدہ فیلڈ مارشل قرار دیا، اپریل میں ہونے والے اسلام آباد ٹاکس نے پاکستان کو عالمی میڈیامیں مثبت توجہ حاصل کرنے کا ایک نادر موقع دیا۔
وال اسٹریٹ جرنل کی جانب سے کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کا پاکستان کی طرف بڑھتا ہوا جھکاؤ بھارت کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنےکی کمزور سفارتی مہم کی ناکامی کاواضح ثبوت ہے، ٹرمپ کے اقتدارکے دوسرے دور میں واشنگٹن اور اسلام آباد کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی اور ان میں غیرمعمولی پیشرفت دیکھی گئی۔
ماہرین کے مطابق مذاکرات کی میزبانی اور تصادم کے بجائے مکالمے کو فروغ دیکر پاکستان نے خود کو بین الاقوامی سفارتکاری میں ایک غیرجانبدار اور معتبر ثالث کے طور پر منوایا، پاکستان پر ایران کے اعتماد اور امریکا کے ساتھ پاکستان کے ورکنگ ریلیشن شپ نے اسے ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے ایک منفرد مقام فراہم کیا۔
