ایرانی صدر کل پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچیں گے، دفتر خارجہ
ایرانی صدر کے ہمراہ آنے والے وفد میں وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان کل پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے جب کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ بھی اہم مذاکرات ہوں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم بھی ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے جس میں باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کے ہمراہ آنے والے وفد میں وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہوں گے جو دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ مسعود پزشکیان کا ایران کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہوگا جسے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے۔
