پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ، ایئر چیف کا قومی سلامتی پر زور
تقریب کے مہمانِ خصوصی ظہیر احمد بابر نے چاق و چوبند دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پی ایم اے لانگ کورس اور ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی جس میں کیڈٹس نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کر لی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ظہیر احمد بابر نے چاق و چوبند دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا اور سلامی وصول کی۔
پریڈ کے دوران بارش بھی شروع ہو گئی تاہم کیڈٹس نے جذبے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریب جاری رکھی۔
اس موقع پر 153 ویں پی ایم اے لانگ کورس، 38 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے ساتھ ساتھ 72 ویں انٹیگریٹڈ کورس، 15 ویں مجاہد کورس اور 27 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئے۔
تقریب میں دوست ممالک کے 30 کیڈٹس بھی شامل تھے جن میں سری لنکا، عراق، فلسطین، قطر، مالدیپ، مالی اور نیپال سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سری لنکا کی لیڈی کیڈٹس نائنی اور ملنی بھی پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل تھیں۔
مہمانِ خصوصی نے بہترین کارکردگی پر حیدر کمپنی کو پرچم عطا کیا جب کہ اسی کمپنی کو قائداعظم بینر سے بھی نوازا گیا۔
اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق اور بنیان مرصوص میں پاکستان آرمی کی حکمت عملی پوری دنیا نے دیکھی، پاکستان ایئرفورس نے نہ صرف دشمن کے جہاز گرائے بلکہ تاریخ رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ مئی میں دشمن پاکستان کی طاقت اور ہنرمندی دیکھ کر دنگ رہ گیا، پاکستان کی دھرتی پر کسی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ سیاسی اور عسکری قیادت عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے قابل ستائش ہے، پاکستان بھارتی زیر قبضہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
ایئر چیف نے مزید کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی ایک شاندار ماضی رکھتی ہے، آپ کی بنیادی ذمے داری ملک کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے، دوست ممالک کے کیڈٹس کومبارکباد پیش کرتاہوں، کیڈٹس میں خواتین کی شمولیت کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، پاکستان ملٹری اکیڈمی دنیا کی بہترین اکیڈمیز میں سے ایک ہے۔
