سانحہ گل پلازہ؛ میزنائن فلور سے 20 سے 25 لاشیں ملنے کی اطلاع
باقیات انتہائی بوسیدہ حالت میں ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں کو جانچ میں مشکلات کا سامنا۔
کراچی میں گل پلازہ سانحے کے بعد ریسکیو آپریشن کا پانچواں روز جاری ہے، جہاں میزنائن فلور سے 20 سے 25 لاشیں اور متعدد انسانی اعضاء برآمد ہوئے ہیں۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق میزنائن فلور پر واقع کراکری کی دکانوں سے لاشیں اور انسانی اعضاء ملے ہیں جب کہ سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ باقیات کی تعداد کا درست اندازہ لگایا جاسکے۔
سول اسپتال میں انسانی اعضاء کی جانچ جاری ہے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق آج صبح سے 21 انسانی اعضاء اسپتال پہنچ چکے ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق کچھ باقیات انتہائی بوسیدہ حالت میں ہیں جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کو جانچ میں مشکلات کا سامنا ہے۔
علاوہ ازیں کچھ انسانی باقیات دبئی کراکری کے ملازمین خود اسپتال لے کر پہنچا چکے ہیں۔
ڈی سی ساؤتھ نے بتایا کہ دکانداروں کی معلومات کی بنیاد پر ٹیمیں بھیجی گئی ہیں اور ایک ہی دکان سے متعدد انسانی اعضاء برآمد ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملبے سے باقیات کی تعداد اندازاً 25 کے قریب ہوسکتی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اور پولیس حکام مزید تحقیقات کررہے ہیں اور کسی بھی وقت نئی تفصیلات سامنے آسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ سانحہ گل پلازہ کے بعد انسانی باقیات کی تلاش اور ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے سے نکلنے والی لاشیں اور اعضاء مختلف حالتوں میں ہیں اور آپریشن کے اختتام تک مزید باقیات برآمد ہونے کا امکان ہے۔
