پاکستان میں ورچوئل موبائل نیٹ ورکس کے دروازے کھل گئے
صارفین کو بھی زیادہ انتخاب اور بہتر موبائل سروسز دستیاب ہوں گی
پاکستان میں ٹیلی کام شعبے کو وسعت دینے اور جدید بنانے کے لیے موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹر (MVNO) لائسنسنگ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ورچوئل نیٹ ورک لائسنس کے لیے وہ کمپنیاں درخواست دے سکتی ہیں جو موبائل سروسز کو اپنے برانڈ نام کے تحت پیش کرنا چاہتی ہیں۔ یہ کمپنیاں موجودہ لائسنس یافتہ موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے ساتھ معاہدوں کے تحت اپنی خدمات فراہم کریں گی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس نئی پالیسی سے ٹیلی کام سیکٹر میں نہ صرف مسابقت بڑھے گی بلکہ جدت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ صارفین کو بھی زیادہ انتخاب اور بہتر موبائل سروسز دستیاب ہوں گی۔
پی ٹی اے نے اس سلسلے میں اہلیت، درخواست اور لائسنسنگ سے متعلق مکمل شرائط و ضوابط جاری کر دیے ہیں تاکہ شفاف طریقہ کار کے تحت نئے آپریٹرز کو شامل کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق ورچوئل موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے آغاز سے پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں ایک نیا دور شروع ہوگا، جس سے صارفین کو مزید آپشنز اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
