تحقیقی مطالعات سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ پچاس برس سے زائد عمر کے افراد بھی کرسی پر بیٹھ کر بازوؤں اور اوپری جسم کی طاقت میں نمایاں بہتری لاسکتے ہیں۔
اگر آپ کسی چوٹ، جسمانی کمزوری یا نقل و حرکت میں رکاوٹ کا شکار ہیں یا دفتر میں بیٹھے بیٹھے متحرک رہنا چاہتے ہیں تو یہ ورزشیں آپ کے لیے نہایت مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔
1۔ بازو گھمانا
یہ ورزش جوڑوں کی حرکت، جسمانی توازن اور درست انداز میں بیٹھنے کی صلاحیت کو بہتر بناتی ہے۔ یہ ورزش جسم کو آئندہ حرکات کے لیے تیار بھی کرتی ہے۔
کرسی پر سیدھے بیٹھیں، کندھے پیچھے رکھیں، پاؤں زمین پر جمائیں۔ بازوؤں کو آہستہ آہستہ کندھوں کی سطح تک اٹھائیں اور سامنے کی جانب دائرے بناتے ہوئے تیس سیکنڈ تک گھمائیں۔ پھر یہی عمل پیچھے کی سمت دہرائیں۔ دونوں سمتوں میں تین مرتبہ کریں۔
2۔ بازو موڑنے کی ورزش
یہ ورزش بازوؤں کے اگلے حصے کے پٹھوں کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت مؤثر ہے۔
کرسی پر سیدھا بیٹھ کر دونوں ہاتھوں میں ہلکا وزن تھامیں۔ کہنیاں جسم کے قریب رکھیں اور وزن کو آہستہ آہستہ کندھوں کی طرف لائیں پھر واپس نیچے لے جائیں۔ یہ عمل بارہ مرتبہ کریں اور تین سیٹ مکمل کریں۔
3۔ سر کے اوپر وزن اٹھانا
یہ ورزش کندھوں، بازوؤں اور کلائیوں کو مضبوط بناتی ہے اور روزمرہ کے کاموں میں مددگار ثابت ہوتی ہے، جیسے اوپر شیلف میں سامان رکھنا۔
کرسی پر سیدھے بیٹھ کر دونوں ہاتھوں میں وزن کندھوں کے سامنے رکھیں۔ وزن کو آہستہ آہستہ سر کے اوپر اٹھائیں یہاں تک کہ بازو سیدھے ہوجائیں پھر واپس نیچے لائیں۔ بارہ مرتبہ یہ عمل دہرائیں۔
4۔ پچھلے بازو کی مضبوطی کی ورزش
یہ ورزش بازوؤں کے پچھلے حصے کو مضبوط اور متوازن بناتی ہے جو دھکا دینے اور وزن سنبھالنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
دونوں ہاتھوں میں وزن لے کر سر کے اوپر اٹھائیں، پھر کہنیاں موڑتے ہوئے وزن کو آہستہ پیچھے کی طرف لے جائیں۔ اس کے بعد دوبارہ بازو سیدھے کریں۔ دس مرتبہ یہ عمل کریں اور تین سیٹ مکمل کریں۔
اہم احتیاطی نکات
ہمیشہ مضبوط اور بغیر پہیوں والی کرسی استعمال کریں۔ ابتداء میں ہلکا وزن منتخب کریں تاکہ جسم درست طریقے سے ہم آہنگ ہوسکے۔
ورزش کے دوران پیٹ کے عضلات کو مضبوط رکھیں اور جھٹکوں یا تیز حرکات سے گریز کریں۔ آہستہ اور متوازن انداز میں ورزش کرنے سے بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں۔
