پاسپورٹ بنوانے والوں کے لیے خوشخبری؛ نظام میں اہم اصلاحات کا فیصلہ
اجلاس کے دوران پاسپورٹ کے اجراء کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ۔
اسلام آباد: محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پاسپورٹ کے اجراء کو مرحلہ وار مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے، ہوم ڈیلیوری سروس شروع کرنے اور یکم جولائی سے کیش لیس نظام نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں پاسپورٹ نظام میں اہم اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران پاسپورٹ کے اجراء کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ای پاسپورٹ نظام پر مکمل منتقلی سے پاسپورٹ کے ضمن میں فراڈ اور جعلسازی کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا اور سیکیورٹی معیار مزید بہتر ہوں گے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پریمیم سروسز حاصل کرنے والے شہریوں کو پاسپورٹ کے اجراء پر آنے والے اصل اخراجات کے مطابق فیس ادا کرنا ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرون ملک اور اندرون ملک پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری کے لیے ابتدائی کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ شہریوں کو جلد ان کی دہلیز پر پاسپورٹ فراہم کرنے کی سہولت متعارف کرائی جائے گی۔
اجلاس میں یکم جولائی سے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کے تحت فیس کی ادائیگی ڈیجیٹل ذرائع سے کی جاسکے گی۔
مزید برآں آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی پلیٹ فارم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ شہریوں کو زیادہ آسان اور مربوط آن لائن خدمات فراہم کی جاسکیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بزنس پاسپورٹ سے متعلق پالیسی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مشاورت سے جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس کے دوران ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیر داخلہ کو پاسپورٹ نظام میں مجوزہ اصلاحات اور جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
