محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات میں غفلت یا لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی، وزیر داخلہ سندھ

کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات میں غفلت یا لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی۔

وزیر داخلہ سندھ کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں محرم الحرام 1448ھ/2026ء کے دوران امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبہ بھر میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اقدامات، کنٹی جنسی پلان، انٹیلی جنس کوآرڈینیشن، جلوسوں و مجالس کے تحفظ اور ہنگامی رسپانس میکنزم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام اضلاع، رینجز اور پولیس زونز اپنے سیکیورٹی پلان، کنٹی جنسی اقدامات اور رسپانس میکنزم کو مزید مؤثر اور فعال بنائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ حساس جلوسوں، مجالس اور مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، سرچ اینڈ کومبنگ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت سدباب کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق، سیکیورٹی ہدایات اور حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے جب کہ انہوں نے یہ بھی زور دیا کہ امن کمیٹیوں، علمائے کرام، ذاکرین اور جلوسوں و مجالس کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔

اجلاس کے دوران وزیر داخلہ سندھ نے اشتعال انگیز، نفرت آمیز اور فرقہ وارانہ تقاریر و مواد کی مؤثر نگرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو خصوصی ہدایات جاری کیں کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز،عوامی اجتماعات، مجالس اور دیگر سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد پھیلانے، قانون شکنی پر اکسانے یا امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ضیاء الحسن لنجار نے مزید ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹمز،کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز اور ایمرجنسی رسپانس یونٹس کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل دیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہے گی۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مرکزی اور حساس جلوسوں کی مؤثر نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس، حساس مقامات اور ہجوم کی مانیٹرنگ کے لیے ڈرونز کے استعمال سے متعلق جامع سفارشات فوری طور پر محکمہ داخلہ سندھ کو ارسال کی جائیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے مزید ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس کے پاس موجود دستیاب ڈرونز کو بھی محرم الحرام کے سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ پلان میں شامل کیا جائے تاکہ فضائی نگرانی، ٹریفک کی روانی، ہجوم کے انتظام اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی بروقت نشاندہی کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جدید نگرانی کے نظام کے مؤثر استعمال سے سیکیورٹی اقدامات کو مزید مضبوط اور مربوط بنایا جاسکتا ہے۔

اجلاس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر سیکیورٹی، بم ڈسپوزل سوئیپنگ، اسنیپ چیکنگ اور نگرانی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی، سی پی او مانیٹرنگ سسٹم اور ضلعی کنٹرول رومز کے درمیان مسلسل رابطہ اور معلومات کے تبادلے کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ کسی بھی صورتحال پر فوری ردعمل دیا جاسکے۔

آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ سندھ پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے باہمی تعاون سے سیکیورٹی کے تمام امور کو مربوط اور مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ریزرو نفری، کوئیک رسپانس فورس اور ایمرجنسی پلان کو مکمل طور پر فعال رکھا گیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے جامع اور مؤثر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

اجلاس کے اختتام پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے جب کہ عوامی تعاون، بروقت اطلاعات اور مشترکہ کاوشیں پائیدار امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، کراچی کے تمام زونل ڈی آئی جیز,ڈی آئی جی ٹریفک اور اسپیشل سیکرٹری داخلہ سندھ سعید احمد نے بالمشافہ شرکت کی۔

علاوہ ازیں حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص اور شہید بینظیر آباد رینجز کے ڈی آئی جیز سمیت سندھ بھر کے تمام اضلاع کے ایس ایس پیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور مختلف رینجز کے ڈی آئی جیز نے محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے