دو اجزاء سے تیار روس کا سادہ مگر مقبول سینڈویج
کچھ لوگ پرانی یادوں کی وجہ اس جگہ کو رخ کرتے ہیں جب لوگوں کی غذا سادہ ہوا کرتی تھی
روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں ایک مقبول سینڈوچ دکان ہے جس کا نام بٹر بروڈک 66 ہے جہاں ایسے سادہ سینڈوچ فروخت کیے جاتے ہیں جنہیں کوئی بھی آسانی سے گھر پر بناسکتا ہے۔
عام طور پر فاسٹ فوڈ ریستوران ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے نت نئے انداز اپناتے ہیں یہاں تک کہ ایک معمولی سینڈوچ کے معاملے میں بھی لیکن روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں ایک چھوٹا سا کاروبار اس سوچ کے برعکس کام کرتا ہے جہاں دنیا کے سب سے سادہ اور بنیادی سینڈوچ صرف ایک ڈالر سے کچھ زیادہ قیمت میں فروخت کیا جاتا ہے۔
بٹر بروڈک 66 روسی زبان میں جس کا مطلب ہے سینڈوچ 66 ایک منفرد جگہ ہے جہاں صرف انتہائی سادہ سینڈوچ فروخت کیے جاتے ہیں جیسے گوشت کے پتلے پارچے، مکھن، پنیر یا انڈے والے سینڈوچ، جن کی قیمت صرف 100 روبل (تقریباً 1.36 ڈالر) ہے۔
ان میں کوئی خاص بات نہیں ہے حقیقت میں یہ ایسے لگتے ہیں جیسے کسی طالب علم نے اپنے ہاسٹل کے کمرے میں جلدی سے بنا لیے ہوں تاہم یہی ان کی کشش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اس آدھے کھائے ہوئے سینڈوچ کی قیمت جان کر آپ کے ہوش اڑ جائیں گے
اس دکان کے مالک الیکسی پیٹراچیف نے بتایا کہ اس نے اور اس کے دوست نے ابتدا میں یہ کاروبار ایک چھوٹے اسٹال کے طور پر شروع کیا تھا جہاں انتہائی سستے سینڈوچ بیچ کر لوگوں کا موڈ بہتر کرنے کی کوشش کی جاتی تھی لیکن بعد میں یہ ایک مکمل دکان میں تبدیل ہوگیا سینڈوچز کی طرح دکان بھی بہت سادہ ہے یہ شہر کے مضافات میں ایک ایسی عمارت میں قائم ہے جہاں کوئی اور کاروبار نہیں کرنا چاہتا لیکن کم کرایے کی وجہ سے یہ ان کے لیے فائدہ مند ہے۔
شروع میں سینڈوچ کی قیمت 50 روبل رکھی گئی تاہم لوگوں نے مہنگا ہونے کی شکایت کی تو اس کی قیمت بڑھا کر 100 روبل کر دی تو سب کو یہ مناسب لگنے لگا۔
دو سستی سفید بریڈ کے ٹکڑوں کے درمیان صرف مکھن رکھنا شاید کچھ لوگوں کو عجیب لگے لیکن آن لائن جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ بہت سے لوگ 100 روبل دے کر یہ سینڈوچ خریدنے پر خوش ہیں۔
کچھ لوگ پرانی یادوں کی وجہ اس جگہ کو رخ کرتے ہیں جب لوگوں کی غذا سادہ ہوا کرتی تھی جبکہ کچھ صرف اس لیے یہاں آتے ہیں کہ وہ خود اسے بنانے کی زحمت نہیں کرنا چاہتے کیونکہ اس کے لیے پوری بریڈ، مکھن اور وقت درکار ہوتا ہے۔
