جنوبی وزیرستان میں خودکش حملہ ناکام، خوارجی مارا گیا، 7 شہری زخمی
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے
جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے خودکش حملے کو ناکام بنا دیا، تاہم دھماکے کے نتیجے میں 7 شہری زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق خوارجی عناصر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے پاک فوج کی ایک پوسٹ کو نشانہ بنانے آئے لیکن ہائی الرٹ پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں خودکش حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ پوسٹ سے فاصلے پر کیا گیا جس کے باعث بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا تاہم قریب موجود سات شہری زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔
