سال نو پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے 22 افراد زخمی

سال نو پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے 22 افراد زخمی

شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن

کراچی میں نئے سال کی خوشی کے نام پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

سال نو کے موقع پر کراچی میں پولیس کی بھرپور انسدادی مہم کے باوجود مختلف علاقوں میں شدید ہوائی فائرنگ کے باعث گولیاں لگنے سے خواتین اور بچوں سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 41 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

 ابتدائی کارروائی میں 30 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، بعد ازاں مختلف اضلاع میں مزید گرفتاریاں عمل میں آئیں۔

پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل سے ہوائی فائرنگ میں ملوث 19 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے 3 ملزمان کو حراست میں لیا۔

اس کے علاوہ ضلع ملیر سے 5 ملزمان گرفتار کیے گئے، ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 7 ملزمان قانون کی گرفت میں آئے جبکہ کورنگی سے 2، ویسٹ سے 3 اور کیماڑی ڈسٹرکٹ سے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ جان لیوا جرم ہے اور اس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خوشیوں کے مواقع پر قانون کی پاسداری کریں اور کسی کی جان خطرے میں نہ ڈالیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے