لاہور( اختر نیوز) پاکستان ریلوے کی جانب سے 15 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے کی جانے والی اوپن نیلامی میں صرف 5 ٹرینوں کے ٹھیکے دیے جا سکے۔ذرائع کے مطابق 10 ٹرینوں کے لیے کوئی بڈ موصول نہ ہونے پر ان کی آؤٹ سورسنگ مؤخر کر دی گئی، 5 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ سے پاکستان ریلوے کو مجموعی طور پر 10 ارب 78 کروڑ 23 لاکھ روپے کی آمدن حاصل ہوئی، نیلامی میں نجی شراکت داروں کے سپرد کی جانے والی ٹرینوں میں عوام ایکسپریس، ملت ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس اور نارووال پسنجر شامل ہیں۔نیلامی کے نتائج کے مطابق عوام ایکسپریس 3 ارب 56 کروڑ روپے، قراقرم ایکسپریس 3 ارب 90 کروڑ 15 لاکھ روپے، ملت ایکسپریس 2 ارب 77 کروڑ 28 لاکھ روپے، میانوالی ایکسپریس 40 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ نارووال پسنجر 14 کروڑ 70 لاکھ روپے میں آؤٹ سورس کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے نے 15 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مجموعی طور پر 25 ارب روپے سے زائد کا بنچ مارک مقرر کیا تھا، تاہم 10 ٹرینوں کے لیے مقرر کردہ بنچ مارک زیادہ ہونے کے باعث کمپنیاں بڈز جمع کرانے سے گریزاں رہیں۔جن ٹرینوں کے لیے کوئی بڈ موصول نہ ہو سکی ان میں ہزارہ ایکسپریس، فرید ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، راوی ایکسپریس، بہاؤالدین زکریا ایکسپریس، لا ثانی ایکسپریس، تھل ایکسپریس، سکھر ایکسپریس، سیالکوٹ ایکسپریس اور فیض احمد فیض ایکسپریس شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق 10 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ مؤخر کر دی گئی ہے اور ریلوے انتظامیہ آئندہ مرحلے میں بنچ مارک اور شرائط کا ازسرنو جائزہ لینے پر غور کرے گی، آؤٹ سورسنگ کے ذریعے ریلوے نے اپنی آمدن میں اضافہ اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم 15 میں سے صرف 5 ٹرینوں کے ٹھیکے ملنے سے متوقع آمدن میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ترجمان پاکستان ریلوے کا کہنا ہے کہ بنچ مارک زیادہ رکھنے کا مقصد ادارے کے لیے زیادہ سے زیادہ آمدن حاصل کرنا تھا، پانچ ٹرینوں کی آکشن بہترین ریٹس پر کی گئی اور نجی کمپنیوں کی کوشش تھی کہ انہیں کم نرخوں پر ٹرینوں کی کمرشل مینجمنٹ حاصل ہو، تاہم ریلوے نے اپنے اہداف کے مطابق بہترین آمدن حاصل کی ہے۔ذرائع کے مطابق نیلامی کے نتائج کی حتمی منظوری پاکستان ریلوے کی انتظامیہ کی جانب سے دی جائے گی۔
The post پاکستان ریلوے کی 15 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ، 5 کے ٹھیکے دیے جا سکے first appeared on afbnews.pk.
The post پاکستان ریلوے کی 15 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ، 5 کے ٹھیکے دیے جا سکے appeared first on afbnews.pk.
The post پاکستان ریلوے کی 15 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ، 5 کے ٹھیکے دیے جا سکے appeared first on afbnews.pk.
