کیا پیپلزپارٹی نے بجٹ کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کرلیا؟ بڑی پیش رفت سامنے آگئی
بلاول بھٹو کل قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اہم خطاب کریں گے۔
اسلام آباد: وفاقی بجٹ 2026-27 کے حوالے سے حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان ہونے والے رابطوں اور مذاکرات کے نتیجے میں تعطل ختم ہوگیا ہے۔
اگرچہ حکومت پیپلزپارٹی کے تمام تحفظات مکمل طور پر دور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تاہم بعض اہم مطالبات پر پیش رفت اور دیگر معاملات پر یقین دہانیوں کے بعد اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم نے بجٹ سے متعلق تحفظات کو کسی حد تک دور کرنے اور بعض مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پیپلزپارٹی کے تسلیم شدہ مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی ہے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کل قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اہم خطاب کریں گے جس کے نکات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
اپنی تقریر میں بلاول بھٹو زرداری وفاقی بجٹ کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا مؤقف تفصیل سے ایوان کے سامنے رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق کہ بلاول بھٹو اپنی تقریر میں حکومت کے سامنے رکھے گئے مطالبات، ان پر ہونے والی پیش رفت اور پیپلزپارٹی کے تحفظات سے بھی آگاہ کریں گے۔ وہ بجٹ میں مزید بہتری کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کریں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی اپنی تقریر میں ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ معاہدے، اس حوالے سے پاکستان کے سفارتی کردار، آزاد کشمیر کی صورتحال اور گلگت بلتستان کے سیاسی معاملات پر بھی اظہار خیال کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر پیپلزپارٹی کا نقطہ نظر بھی پیش کریں گے جب کہ سندھ حکومت کے حالیہ بجٹ اور ترقیاتی اقدامات کا بھی ذکر متوقع ہے۔
پارٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بلاول بھٹو اپنی تقریر کے دوران قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ کے حق میں ووٹ دینے کا باضابطہ اعلان بھی کریں گے جس کے بعد بجٹ کی منظوری کے لیے حکومت کی پارلیمانی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کا امکان ہے۔
