گلوکار سلیم جاوید نے نئے سال پر اپنے مداحوں کو کیا تحفہ دیا؟
گلوکار سلیم جاوید نے نئے سال پر اپنے مداحوں کو کیا تحفہ دیا؟
سلیم جاوید نے نئے سال کے موقع پر اپنے مداحوں کو ایک خاص تحفہ دے دیا
لوک گیت “جگنی” کے ذریعے عالمی شہرت حاصل کرنے والے ماضی کے مقبول گلوکار سلیم جاوید نے نئے سال کے موقع پر اپنے مداحوں کو ایک خاص تحفہ دے دیا ہے۔
انہوں نے اپنے ایک مقبول بلوچی گانے کو نئی دھن، جدید انداز اور تازہ موسیقی کے رنگ میں دوبارہ پیش کیا ہے، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
نئے گیت کو شائقینِ موسیقی کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، جہاں صارفین نہ صرف اسے شیئر کر رہے ہیں بلکہ اس کی دھن، منفرد انداز اور ثقافتی رنگ کو بھی سراہا جا رہا ہے۔
سلیم جاوید نے اس ریلیز کو اپنے مداحوں کے لیے نئے سال کا خصوصی تحفہ قرار دیا ہے۔
یہ نیا بلوچی گیت سلیم جاوید کے فن اور بلوچی موسیقی سے ان کے دیرینہ تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ تقریباً 4 دہائیاں قبل ریلیز ہونے والا ان کا پہلا البم بھی ایک بلوچی گیت کی بدولت غیر معمولی کامیابی سے ہمکنار ہوا تھا۔
تازہ ریلیز میں سلیم جاوید ایک بار پھر بلوچی لوک دھنوں کی جانب لوٹے ہیں، تاہم اس بار جدید موسیقی کے عناصر کے ساتھ، جو نوجوان نسل کو بھی اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔
گیت کی ویڈیو میں جدید بصری انداز، نئی کہانی اور نوجوانوں کی پسند کے مطابق عناصر شامل کیے گئے ہیں جبکہ بلوچی لوک موسیقی کی اصل روح کو مکمل طور پر برقرار رکھا گیا ہے۔
سلیم جاوید کا کہنا ہے کہ اگر روایتی موسیقی کو تخلیقی انداز میں پیش کیا جائے تو وہ ہر دور میں زندہ رہتی ہے۔
واضح رہے کہ سلیم جاوید کو عالمی سطح پر پہچان دلانے والا لوک گیت “جگنی” آج بھی ان کی شناخت سمجھا جاتا ہے اور وہ پاکستان میں ریمکس موسیقی کو متعارف کرانے والے اولین فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔