سابق کپتان قومی ویمنز ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کرنے والوں پر برہم
کیا مردوں کی ٹیمیں کبھی ورلڈکپ نہیں ہارتیں یا ان کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ نہیں آتا؟ ثناء میر نے سوال اٹھادیا
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے خواتین ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کرنے والوں کے رویے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف جنس کی بنیاد پر تنقید کرنا درست نہیں۔
ثناء میر نے سوال اٹھایا کہ کیا مردوں کی ٹیمیں کبھی ورلڈکپ نہیں ہارتیں یا ان کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ نہیں آتا؟ انہوں نے کہا کہ آج تک کسی خاتون کرکٹر نے مرد کھلاڑیوں کے بارے میں ایسا بیان نہیں دیا کہ وہ مخصوص کام کے لیے بہتر ہیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ خواتین کھلاڑیوں پر غیر ضروری اور غیر منصفانہ تنقید کی جارہی ہے اور بعض افراد مصنوعی ذہانت کے ذریعے جھوٹی ویڈیوز بناکر غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سوچ اور رویہ تکلیف دہ ہے اور جب تک اس ذہنیت کو تبدیل نہیں کیا جائے گا، اس وقت تک کھیل کے شعبے میں حقیقی بہتری ممکن نہیں۔
ثناء میر نے زور دیا کہ خواتین کرکٹرز کی کارکردگی کو بھی اسی معیار پر پرکھا جانا چاہیے جیسے مرد کھلاڑیوں کو پرکھا جاتا ہے اور صنفی بنیاد پر فرق نہیں کرنا چاہیے۔
