انسانی مداخلت کے بغیر روبوٹس کے ذریعے چلنے والا دنیا کا پہلا ہوٹل، افتتاح 2027 میں
یہ روبوٹک ہوٹل 44 پرتعیش کمروں پر مشتمل ہے جس میں جدید ریسٹورنٹ، جم، دیگر تفریحی اور آرام دہ سہولیات بھی موجود ہیں
چین دنیا کا پہلا ایسا ہوٹل تیار کرنے جارہا ہے جس میں تمام خدمات مکمل طور پر روبوٹس انجام دیں گے تاہم اس حیرت انگیز ہوٹل کو اگلے برس عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔
یہ منصوبہ چین میں ہوٹل شینژن-ژونگشان لنک نامی عظیم سمندری پل اور سرنگ منصوبے کے مغربی مصنوعی جزیرے پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔
چین کی کمپنی پوڈو روبوٹکس کے مطابق یہ دنیا کا پہلا “فل سیناریو روبوٹ سروسڈ ہوٹل” ہوگا جس میں استقبالیہ، روم سروس، صفائی، کھانے کی تیاری اور مہمانوں کی رہنمائی سمیت ہر ذمہ داری روبوٹس انجام دیں گے۔
ہوٹل کو مختلف مراحل میں شروع کیا جائے گا۔ 2026 کے آخر میں آزمائشی مرحلہ شروع ہوگا جس میں چند کمرے عوام کے لیے کھولے جائیں گے۔ اس دوران مہمان روبوٹ کے ذریعے استقبال چیک اِن اور کمروں میں خودکار اشیاء کی ترسیل جیسی سہولیات آزما سکیں گے۔
خیال رہے کہ چین کے بڑے شہروں، خصوصاً شینژن، میں روبوٹ پہلے ہی ہوٹلوں میں روم سروس انجام دے رہے ہیں۔
یہ ہوٹل صرف ایسا جگہ نہیں ہوگی جہاں روبوٹس انسانوں کی مدد کریں بلکہ پورا نظام پوڈو روبوٹکس کے ہارڈویئر اور سافٹ ویئر پر مشتمل ایک مربوط “روبوٹ سروس ایکو سسٹم” ہوگا۔
کمپنی کا اے آئی پلیٹ فارم پوڈو ایف ایم 1.0 اور پوڈو ایجنٹ ہوٹل کے تمام اہم آپریشنز کو کنٹرول کریں گے۔
اس ہوٹل میں مختلف روبوٹس الگ الگ ذمہ داریاں انجام دیں گے جیسے فلیش بوٹ مہمانوں کو موبائل فون کے ذریعے مشروبات اور دیگر اشیاء فراہم کرے گا، پوڈو ٹی 300 مہمانوں کا سامان استقبالیہ سے کمروں تک پہنچائے گا اسی طرح پوڈو سی سی 1 پرو اور پوڈو ایک ٹی 1 مصنوعی ذہانت کی مدد سے صفائی اور کچرے کی شناخت کا کام انجام دیں گے۔
کمپنی کے مطابق تمام مختلف اقسام کے روبوٹس ایک ہی ذہین نظام کے تحت کام کریں گے۔ استقبالیہ روبوٹس اشاروں اور سماجی رویوں کو سمجھ سکیں گے، ڈلیوری روبوٹس خود بہترین راستہ منتخب کریں گے جبکہ صفائی کرنے والے روبوٹس ماحول کے مطابق اپنی حکمت عملی بدل سکیں گے۔
یہ ہوٹل صرف آغاز ہے آئندہ چار برسوں میں مغربی مصنوعی جزیرے پر سیاحت اور مہمان نوازی کے مختلف شعبوں میں جدید روبوٹکس متعارف کرائی جائے گی۔
یہ روبوٹک ہوٹل 44 پرتعیش کمروں پر مشتمل ہے جس میں جدید ریسٹورنٹ، جم، دیگر تفریحی اور آرام دہ سہولیات بھی موجود ہیں۔
