اب پاسپورٹ کی تجدید گھر بیٹھے کروائیں، حکومت نے نئی موبائل ایپ کی تیاری شروع کردی

اب پاسپورٹ کی تجدید گھر بیٹھے کروائیں، حکومت نے نئی موبائل ایپ کی تیاری شروع کردی

نئی موبائل ایپ کے ذریعے پاسپورٹ کی تجدید اور دیگر خدمات آن لائن حاصل کی جاسکیں گی۔

اسلام آباد: حکومت نے پاسپورٹ کی تجدید گھر بیٹھے کروانے کے لیے اب نئی موبائل ایپ کی تیاری شروع کردی ہے۔

حکومت نے شہریوں کو پاسپورٹ کی سہولیات گھر بیٹھے فراہم کرنے کے لیے نئی موبائل ایپ متعارف کرانے کی تیاری تیز کردی ہے جس کے ذریعے پاسپورٹ کی تجدید اور دیگر خدمات آن لائن حاصل کی جاسکیں گی۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاسپورٹ خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے کی جب کہ نادرا کے حکام بھی شریک ہوئے۔

حکام کے مطابق نئی موبائل ایپ پر تیزی سے کام جاری ہے اور آن لائن پاسپورٹ تجدید کی سہولت جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

حکام نے بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے شہری اپنے موبائل فون سے پاسپورٹ کی تجدید، درخواست جمع کرانے اور دیگر متعلقہ مراحل مکمل کرسکیں گے جس سے پاسپورٹ دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔

اجلاس میں ملک بھر کے نادرا مراکز میں پاسپورٹ سروس کاؤنٹرز قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا تاکہ شہری ایک ہی جگہ پر مختلف سرکاری خدمات حاصل کرسکیں۔

ڈائریکٹر جنرل محمد علی رندھاوا نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام ڈیجیٹل منصوبے مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں اور عوام کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

اس موقع پر پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا جس کے تحت پاسپورٹ شہریوں کے گھروں تک پہنچانے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی موبائل ایپ اور دیگر ڈیجیٹل اقدامات سے پاسپورٹ خدمات میں شفافیت، رفتار اور سہولت میں اضافہ ہوگا جب کہ لاکھوں پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ سے متعلق امور پہلے سے زیادہ آسان اور تیز ہوجائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے