ایران امریکا مذاکرات کا پہلا دور شروع؛ اہم سفارتی شخصیات کی سوئٹزرلینڈ آمد متوقع
امریکی نمائندہ اسٹیو وٹکوف مذاکراتی عمل میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوچکے ہیں
امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششیں ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں جہاں دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے پہلے دور کا آغاز متوقع ہے تاہم اس سلسلے میں اہم سفارتی شخصیات کی سوئٹزرلینڈ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکی نمائندہ اسٹیو وٹکوف مذاکراتی عمل میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوچکے ہیں جبکہ جیرڈ کشنر پہلے ہی برگن اسٹاک میں موجود ہیں اور سفارتی رابطوں میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی بھی آج سوئٹزرلینڈ آمد متوقع ہے تاہم تہران نے ثالثی کردار ادا کرنے والے ممالک کو مذاکرات میں ممکنہ پیش رفت سے آگاہ کردیا ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ رابطے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال، خصوصاً لبنان میں جاری کشیدگی، مذاکراتی ماحول پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو آئندہ ہفتے خلیجی ممالک کے دورے پر روانہ ہوں گے، اپنے دورے کے دوران وہ متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین کی قیادت سے علاقائی سلامتی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
امریکی ذرائع کے مطابق ایران سے متعلق حالیہ سفارتی پیش رفت بھی روبیو کے دورے کے اہم نکات میں شامل ہوگی۔
سوئٹزرلینڈ کا شہر برگن اسٹاک ایک مرتبہ پھر عالمی سفارت کاری کا مرکز بن گیا ہے جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور عالمی میڈیا کی نظریں ممکنہ مذاکراتی پیش رفت پر مرکوز ہیں۔
