علی ظفر کا کینیڈا میں تاریخی کنسرٹ، 45 ہزار سے زائد افراد شریک

علی ظفر کا کینیڈا میں تاریخی کنسرٹ، 45 ہزار سے زائد افراد شریک

بعد ازاں علی ظفر اسٹیج سے نیچے اتر کر مداحوں کے درمیان بھی گئے، جس پر حاضرین نے زبردست جوش کا اظہار کیا۔

پاکستان کے معروف گلوکار، اداکار اور موسیقار علی ظفر نے کینیڈا میں ایک تاریخی کنسرٹ کے دوران نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ 

مسی ساگا  کینیڈا کے شہر مسی ساگا کے مشہور مقام سیلبریشن اسکوائر میں منعقد ہونے والے علی ظفر کے اوپن ایئر کنسرٹ میں تقریباً 45 ہزار افراد نے شرکت کی، جسے منتظمین نے اس مقام کی تاریخ کا سب سے بڑا میوزیکل اجتماع قرار دیا ہے۔

یہ کنسرٹ معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر کے “روشنی ٹور 2026” کے شمالی امریکا مرحلے کا اختتامی شو تھا،جس میں مفت اوپن ایئر پروگرام کے دوران پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور دیگر جنوبی ایشیائی کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

منتظمین کے مطابق بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کے باعث مجمع صرف سیلبریشن اسکوائر تک محدود نہ رہ سکا بلکہ اطراف کی سڑکوں اور قریبی سینٹرز کے احاطے تک پھیل گیا، جس سے پورا علاقہ میوزک فیسٹیول کے ماحول میں ڈھل گیا۔

علی ظفر نے تقریباً دو گھنٹے تک اسٹیج پر پرفارم کیا اور اپنے مقبول گانوں سمیت 20 سے زائد ٹریک پیش کیے۔ ان میں “رنگین”، “چھنو”، “مستی” اور “چل دل میرے” جیسے مشہور گانے شامل تھے۔

ان کے نئے البم “روشنی” کے گانے “روشنی”، “ماماسیتا” اور “رکسانہ” بھی پہلی بار لائیو پیش کیے گئے، جنہیں شائقین نے بے حد سراہا۔

کنسرٹ کا سب سے یادگار لمحہ اس وقت آیا جب علی ظفر نے اپنا مقبول گانا “جھوم” پیش کیا، جس پر ہزاروں مداحوں نے موبائل فون کی لائٹس روشن کر دیں اور پورا مقام روشنیوں کے سمندر میں تبدیل ہو گیا۔

بعد ازاں علی ظفر اسٹیج سے نیچے اتر کر مداحوں کے درمیان بھی گئے، جس پر حاضرین نے زبردست جوش کا اظہار کیا۔

موسیقی کے ساتھ ساتھ علی ظفر نے اتحاد، ثقافتی شناخت اور باہمی احترام پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت مشترک ہے اور اپنی جڑوں پر فخر کے ساتھ ساتھ دوسروں کے انتخاب اور آزادی کا احترام ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے