کراچی کو حب ڈیم سے پانی کا کوٹہ بڑھانے کے معاملے میں اہم پیش رفت
سی ای او واٹر کارپوریشن نے کوٹے میں اضافے کے لیے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو باضابطہ خط لکھا تھا۔
کراچی: شہر قائد کو حب ڈیم سے پانی فراہم کرنے کے کوٹے میں اضافے کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق سی ای او واٹر کارپوریشن کے خط پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے اہم اقدام کرتے ہوئے پانی کا کوٹہ بڑھانے کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی ہے۔
سی ای او واٹر کارپوریشن نے کوٹے میں اضافے کے لیے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو باضابطہ خط لکھا تھا جس کے بعد یہ سمری تیار کی گئی۔ تجویز میں حب ڈیم سے کراچی کو یومیہ پانی کی فراہمی 100 ملین گیلن سے بڑھا کر 200 ملین گیلن کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ موجودہ وقت میں حب ڈیم سے شہر کو یومیہ صرف 100 ملین گیلن پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ یہ کوٹہ 1981 سے برقرار ہے جب کہ اس دوران شہر کی آبادی اور پانی کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔
سندھ حکومت نے 200 ملین گیلن پانی کی ترسیل کے لیے بنیادی ڈھانچہ پہلے ہی تیار کرلیا ہے۔ ترجمان کے مطابق نیو حب کینال کی تکمیل کے بعد 200 ملین گیلن پانی کی ترسیل کی صلاحیت دستیاب ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پانی کے کوٹے میں اضافہ شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناگزیر ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پانی کے کوٹے میں اضافہ سندھ حکومت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا بلکہ یہ فیصلہ وفاقی حکومت کو کرنا ہے۔
