12 سے 24 گھنٹے انتہائی اہم؛ تیز ہوائیں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی

اسلام آباد: این ڈی ایم اے نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے ممکنہ سیلابی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرات سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے جب کہ پنجاب کے مختلف اضلاع اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، پاراچنار، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب جبکہ سندھ کے جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، شہید بینظیر آباد اور کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔

ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، گانچھے، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال، کالام، بحرین، آرکاری، کوہستان اور مانسہرہ کے علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ادارے کے مطابق مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، راولاکوٹ، کوٹلی، پونچھ، میرپور اور بھمبر میں بھی مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز اور برفانی جھیلوں کے ٹوٹنے کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے ریلوں سے شاہراہوں، رابطہ سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ سیاحوں اور مقامی آبادی کو گلیشیئرز، ندی نالوں اور حساس مقامات کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادارے نے تمام صوبائی اور ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے، نکاسی آب کے نظام کی صفائی یقینی بنانے اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ وہ موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے متعلق بروقت معلومات حاصل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے