وزیراعظم نے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرنے کا اعلان کردیا
جنگ بندی کے بعد خطے میں معاشی بہتری کے امکانات پیدا ہوئے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج ہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کریں گے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت و وقار سے نوازا ہے اور حالیہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ملک کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، اس شاندار کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے، پاکستان کے 24 کروڑ عوام اس پر مبارکباد کے مستحق ہیں، پاکستان کی اس اہم کامیابی پر یہ ایوان ایک متفقہ قرارداد منظور کرے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قومی وحدت کے لیے ہم سب ایک ہیں اور ہمیشہ ایک رہیں گے جبکہ جمعہ کے بابرکت دن اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
وزیراعظم نے اس کامیابی کے حصول کے لیے شب و روز محنت کرنے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اسلام آباد سمجھوتے کو حتمی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا اور اس مقصد کے لیے مسلسل اور انتھک محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی کاوشیں بھی قابلِ ستائش ہیں جبکہ حکومتی و اپوزیشن اراکین اور قائد حزب اختلاف کو بھی مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ روز ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ایرانی صدر کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ پاکستانی قوم ان کا پرتپاک استقبال کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ایرانی صدر نے بھی پاکستان آنے اور قوم کا شکریہ ادا کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ پاکستانی وفد شہید آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد خطے میں معاشی بہتری کے امکانات پیدا ہوئے ہیں اور تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آرہی ہے جس سے مہنگائی میں کمی متوقع ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے اپنے وسائل سے 128 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے اور صوبوں کے تعاون پر بھی وفاق ان کا مشکور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن کے عمل میں دوست ممالک بشمول چین، سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر نے اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے جہاں مہنگائی میں کمی اور ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔
